سرینگر//
داچھی گام نیشنل پارک نے پورے ملک میں محفوظ جنگلاتی علاقوں کے انتظامی مؤثرجائزے میں سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے ۔
یہ جائزہ ہندوستان کی وزارت ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی کی نگرانی میں وائلڈ لائف انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا نے کیا۔
پارک نے۴۳۸قومی پارکوں اور وائلڈ لائف سینچوریز کے درمیان شاندار۹۷ء۹۲فیصد اسکور حاصل کیا، جو اس کی مثالی تحفظاتی حکمت عملیوں، ماحولیاتی انتظام اور کمیونٹی شرکت کا مظہر ہے ۔
جموںکشمیر کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا نے اس تاریخی کامیابی پر وائلڈ لائف محکمہ کے افسران کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے کہا’’یہ کامیابی ایک معیار ہے جسے ریاست کے دیگر محفوظ علاقوں میں بھی دہرایا جانا چاہیے ‘‘۔
رانا نے کہا کہ داچھی گام نیشنل پارک کی کارکردگی نہ صرف عملے کی مستعدی، بلکہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، مقامی برادری کی شمولیت اور تحفظاتی اقدامات کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے ۔
محکمہ جنگلات کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر صحیح منصوبہ بندی، تربیت یافتہ عملہ اور مقامی سطح پر شعور بیدار کیا جائے تو ماحولیاتی طور پر حساس علاقوں میں بھی عالمی معیار کے تحفظاتی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ داچھی گام نیشنل پارک ۱۴۱مربع کلومیٹر پر محیط ہے ۔پارک کی موجودہ کامیابی کے باوجود، مزید بہتری کے لیے تجاویز دی گئی ہیں، جن میں ہرن افزائشی مرکز کو مکمل طور پر فعال بنانا اور ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینا شامل ہے ۔
وزیر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحول دوست سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔
رانا نے وزارت ماحولیات و جنگلات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی تکنیکی رہنمائی اور مالی تعاون کو سراہا اور محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی لگن اور عزم کو برقرار رکھیں۔
داچھی گام نیشنل پارک کی یہ کامیابی نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے بھارت کے دیگر محفوظ علاقوں کے لیے ایک مثال ہے ، جو ظاہر کرتی ہے کہ موثر اور سائنسی طریقۂ کار پر مبنی انتظامات سے ماحولیاتی تحفظ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے ۔