سرینگر//
سرینگر کے نور باغ علاقے میں دریائے جہلم سے پیر کی صبح تین روز سے لاپتہ نوعمر لڑکے کی لاش بر آمد کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ۲۲مئی کو نور باغ سری نگر سے ایک نو عمر لڑکا لا پتہ ہوا تھا جس کے بعد ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس نے دریائے جہلم میں اس کی تلاش کے لئے آپریشن شروع کر دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران پیر کی صبح نور باغ کے تکن واری پورہ علاقے میں مذکورہ لڑکے کی لاش بر آمد کی گئی۔
اس کی شناخت۱۳سالہ عنایت احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن پالہ پورہ گوری پورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دریائے سے ریت نکالنے والوں نے پیر کی صبح لاش کو دیکھا اور اس کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
دریں اثنا وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پیر کو مازہامہ بڈگام ریلوے سیکشن پر ایک عمر رسیدہ شخص چلتی ٹرین کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بڈگام میں بڈگام مازہامہ ریلوے سیکٹر پر ایک عمر رسیدہ شخص چلتی ٹرین کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں اس کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفی کی شناخت علی محمد میر ولد محمد اکبر میر ساکن سنور کلی پورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس اور متعلقہ حکام نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے کارروائی شروع کی ہے ۔