جموں//
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) دلجیت سنگھ چوہدری نے جمعرات کے روز جموں کے پلوڑا کیمپ میں واقع ‘امر پریہاری’ یادگار پر شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے’آپریشن سندور‘کے دوران جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سب انسپکٹر محمد امتیاز اور کانسٹیبل دیپک کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان کی جانب سے کی گئی بلا اشتعال گولہ باری کے دوران بی ایس ایف کے ان دونوں اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی ایس ایف جوان ’آپریشن سندور‘کے تحت حدِ متارکہ پر دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہے تھے ۔
اس کارروائی میں بی ایس ایف نے نہ صرف مؤثر دفاع کیا بلکہ دشمن کی پوزیشنز کو بھی خاطر خواہ نقصان پہنچایا۔
ڈی جی بی ایس ایف دلجیت سنگھ چوہدری نے امر پریہاری یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھاتے ہوئے کہا’’ہمارے یہ بہادر جوان ہماری سرحدوں کے محافظ تھے ۔ سب انسپکٹر محمد امتیاز اور کانسٹیبل دیپک نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن کی حفاظت میں جان دے دی، جو کہ بی ایس ایف کے جذبہ قربانی کی اعلیٰ مثال ہے ‘‘۔
چوہدری نے کہا کہ قوم کو اپنے ان سپوتوں پر فخر ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بی ایس ایف ہر صورت میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے ۔
ڈی جی نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی اور انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔