سرینگر//
شہری ہوابازی کے وزیر ‘رام موہن نائیڈو کا کہنا ہے کہ کہ جس طرح پورا ملک پہلگام دہشت گردانہ حملے کی مذمت میں ایک ساتھ کھڑا رہا اسی طرح جموں وکشمیر کی معیشت کے ساتھ کھڑے رہنے کا وقت آگیا ہے ۔
نائیڈونے کہا’’کشمیر محفوظ ہے‘جتنا پہلے خوبصورت تھا اتنا خوبصورت آج بھی ہے ، سیاحوں کو یہاں واپس لوٹ آنا چاہئے ‘‘۔
وزیر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
نائیڈو نے اپنے دورے کے دوران سرینگر ہوائی اڈے پر آپریشنز کا جائزہ لیا اور اس کے بعد سری نگر کے پولو ویو مارکیٹ دورہ کرکے وہاں لوگوں کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
شعبہ سیاحت کی بحالی کے بارے میں پوچھے جانے پروزیر نے کہا’’میں ایک طرح سے شعبہ سیاحت کی بحالی کیلئے ہی آیا ہوں‘ کشمیر محفوظ ہے ، جتنا خوبصورت پہلے تھا، اتنا آج بھی ہے‘ سیاحوں کو یہاں آنا چاہئے ‘‘۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا’’جس طرح پہلگام حادثے کے بعد ہم سب ایک ساتھ کھڑے رہے اسی طرح ہمیں آج جموں وکشمیر کی معیشت کے لئے ایک ساتھ کھڑا رہنا ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’میں آندھرا پردیش سے آتا ہوں، لوگ کشمیر سے محبت کرتے ہیں اور چھٹیاں گذارنے کیلئے کشمیر ہی آتے ہیں‘‘۔
نائیڈو نے کہا کہ ملک بھر کے تمام فلائٹ آپریشنز کو بحال کر دیا گیا ہے ان میں سری نگر بھی شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی کی وزارت ان تمام کوششوں کی حمایت کرنے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے جو خطے کی معیشت میں مدد دے سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا’’ہم مدد کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے سیاحوں کو واپس لانا اور معمول کی زندگی بحال کرنا بہت ضروری ہے ، اور پروازیں دوبارہ شروع کرنا اس سمت میں پہلا قدم ہے ۔‘‘