ہندوستان نے ہفتہ کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف اپنے اقدامات کے تحت پاکستان کے پرچم والے بحری جہازوں کے ہندوستان کی کسی بھی بندرگاہ میں داخلے پر پابندی لگانے کے اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔ یہ پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے ۔
ہفتے کے روز حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری ہدایت کے مطابق، کسی بھی پاکستانی پرچم والے جہاز کو ہندوستانی بندرگاہوں پر جانے سے روک دیا گیا ہے ، جب کہ ہندوستانی پرچم والے جہازوں کو بھی پاکستانی بندرگاہوں پر جانے سے روک دیا گیا ہے ۔
قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ، حکومت نے کہا کہ یہ حکم ”عوامی مفاد اور ہندوستانی جہاز رانی کے مفاد میں ہندوستانی اثاثوں، کارگو اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے “ نافذ کیا گیا ہے ۔
یہ ہدایت فوری طور پر نافذ العمل ہو گئی ہے اور اگلے اطلاع تک نافذ رہے گی۔
ہندوستان نے 22 اپریل کو کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف کئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
حکومت نے پاکستان سے براہ راست یا کسی دوسرے ملک سے ہر قسم کی اشیا کی درآمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور پاکستان سے کسی بھی سامان کو ہندوستان کے راستے کسی دوسری جگہ بھیجنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے میں کم از کم 26 لوگ ہلاک ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر سیاح تھے ۔ دہشت گردوں نے چن چن کر وہاں قتل عام کیا۔ ہندوستان نے اس حملے کا الزام پاکستان کی شہ پر کام کرنے والے دہشت گردوں پر عائد کیا ہے