نئی دہلی//
حکومت نے بدھ کو قومی سلامتی کے مشاورتی بورڈ کی تشکیل نو کی اور سابق ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سربراہ آلوک جوشی کو اس کا نیا چیئرمین مقرر کیا ہے ۔
سات رکنی نئے بورڈ میں کئی اعلیٰ فوجی، بحریہ، فضائیہ کے افسران کے علاوہ انڈین پولیس سروس کے اعلیٰ افسران اس کے ارکان کے طور پر شامل ہیں۔
یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے طلب کی گئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں کیا گیا جس میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ملک میں سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بورڈ کی تشکیل نو کا مقصد سکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانا ہے کیونکہ بورڈ قومی سلامتی اور خارجہ امور کے معاملات پر حکومت کو طویل مدتی اسٹریٹجک تجزیہ اور پالیسی سفارشات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔
بورڈ کے نئے ارکان میں ایئر مارشل پی ایم سنہا، لیفٹیننٹ جنرل اے کے سنگھ، ریئر ایڈمرل مونٹی کھنہ، اور دو سابق انڈین پولیس سروس افسران راجیو رنجن ورما اور منموہن سنگھ شامل ہیں۔
مزید برآں، بی وینکٹیش ورما، جنہوں نے انڈین فارن سروس میں خدمات انجام دی ہیں، کو بھی سات رکنی بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا ہے ۔