نئی دہلی//
جموں کشمیر میں ادھم پور سری نگر بارہمولہ ریل پروجیکٹ (یو ایس بی آر ایل) کے افتتاح کی تیاریاں مکمل ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی۱۹؍اپریل کو دنیا کے سب سے اونچے چناب ریل پل اور انجی کھڈ ریل پُل کا افتتاح کریں گے ۔
اس کے علاوہ وہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے سرینگر تک ’وندے بھارت ایکسپریس‘کے خصوصی کشمیر ایڈیشن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی سب سے پہلے چناب ریل پل پہنچ کر اس کا افتتاح کریں گے اور اس کے بعد وہ انجی کھڈ پل کا افتتاح کریں گے ۔ پھر وہ کٹرا ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور وہاں سے سرینگر کے لیے وندے بھارت ایکسپریس کو روانہ کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق، جس وقت وزیر اعظم کٹرا سے سری نگر کے لیے وندے بھارت ایکسپریس کو روانہ کریں گے ، اسی وقت سرینگر سے کٹرا کے لیے دوسری وندے بھارت ایکسپریس بھی روانہ کی جائے گی۔
اس طرح، کشمیر وادی کو جموں اور باقی ہندوستان کے ساتھ براہ راست ریل رابطہ بحال ہو جائے گا، جو کہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا۔
ابتدائی طور پر۲۰؍اپریل سے وندے بھارت ایکسپریس کی دو سروسز ہفتے میں پانچ دن چلیں گی، جبکہ ہفتے کے باقی دو دن ایک،ایک ٹرین سروس دستیاب ہوگی۔ مستقبل میں، دو ریکس کے ذریعے تین سروسز بھی چلائی جا سکتی ہیں۔
فی الحال، کٹرا کے دوسری جانب بارہ مولا سے سنگل دان تک روزانہ ۲۳؍ریل سروسز چل رہی ہیں، جن میں روزانہ تقریباً ۱۵ہزار مسافر سفر کرتے ہیں۔ کٹرا سے کشمیر کی براہ راست ریل کنیکٹیویٹی شروع ہونے کے بعد یہ تعداد ۲۵ہزار تک پہنچنے کی امید ہے ۔
یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے تحت چناب پل کو ہندوستانی ریلوے انجینئرنگ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا تاہے ۔چناب پل کی اونچائی دریا کی سطح سے۳۵۹میٹر ہے ، جو کہ پیرس کے مشہور ایفل ٹاور۳۲۴میٹر) سے تقریباً۳۵میٹر زیادہ ہے ۔قطب مینار کی اونچائی۷۳میٹر ہے ۔
یہ منصوبہ نہ صرف جموں و کشمیر کی ترقی میں ایک بڑا قدم ہے بلکہ سیاحت، تجارت اور عوام کی سفرکی سہولتوں میں زبردست بہتری لائے گا۔