سرینگر//
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے ۳دنوں کے دوران موسم عام طور پر خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے ۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ۴سے۷؍اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں۸؍اپریل کو موسم دوپہر کے بعد ابر آلود رہنے کے ساتھ شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ۹؍اپریل کو وادی کے کئی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ۔
ترجمان نے بتایا کہ ۱۰؍اور۱۱؍اپریل کو بھی کہیں کہیں ہلکے درجے کا برف و باراں متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں۱۲سے۱۵؍اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہ سکتا ہے ۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں، کسانوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز جاری رکھیں۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت ایک سے۲ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے ۔وادی میں سیاحتی مقام گلمرگ سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ جموں صوبے میں بھدوارہ سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت۵ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔