سرینگر///
سرینگر جموں شاہراہ پر جمعرات کی صبح ایک ٹرولر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں۹سیاح زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر جموں شاہراہ پر نپورہ میر بازار کے نزدیک جمعرات کی صبح ایک ٹرولر ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں نو سیاح زخمی ہوئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور گاڑی میں پھنسے ہوئے سیاحوں کو باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا ۔
پولیس ذرائع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرولر کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں نو سیاح زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے کہاکہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔
زخمیوں کی شناخت وکرم کمار ، راہول ساکنان راجستھان، اوالا کرشنا ساکن آندھرا پردیش، آفتاب ساکن اترپردیش، شانبو ساکن ممبئی، راملال ، ووبیک کمار، انیل کمار ساکنان کلوا ممبئی کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔
ادھرجموں میں بی ایس ایف گیٹ پالورہ کے نزدیک جمعرات کی علی الصبح ایک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں میں بی ایس ایف گیٹ پالورہ کے نزدیک جمعرات کی علی الصبح قریب ساڈھے ۶بجے ایک نامعلوم گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے بعد ڈرائیور گاڑی سمیت جائے موقع سے فرار ہوگیا۔
ذرائع نے کہا کہ اس حادثے میں موٹر سائیکل سوار کی بر سر موقع ہی موت ہوگئی ۔ان کا کہنا تھا کہ حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے ڈرائیور اور گاڑی کی تلاش شروع کر دی ہے ۔