سرینگر//
جموںکشمیر میں حالیہ واقعات کے پیش نظر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ کشمیر صوبے کے قرب و جوار بالخصوص حساس علاقوں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے ۔
حساس علاقوں میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہی پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔
نامہ نگارنے کہا کہ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسزکے اہلکار مشکوک نظر آنے والے راہگیروں کو روک کر ان کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد انہیں اپنے اپنے منزلوں کی طرف جانے کی اجازت دیتے تھے ۔
ذرائع نے بتایاکہ جنوبی کشمیر کے چار اضلاع پلوامہ، شوپیاں ، اننت ناگ اور کولگام میں بھی سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جنوبی کشمیر میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں شدت لانے کے بھی احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ کولگام ، شوپیاں، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں چار آئی ای ڈیز کی برآمدگی کے بعد سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے ۔