جموں/12مارچ
جموںکشمیر کے راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں بدھ کی صبح سنائپر حملے میں ایک فوجی جوان شدید طورپر زخمی ہوا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی فوجی جوان کی حالت اسپتال میں نازک بنی ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح فوجی جوان نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر معمول کی پیٹرولنگ پر تھے کہ اسی اثنا میں فوجی جوان پرا سنائپر سے حملہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی اہلکارکوفوری طورپر علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔
فوجی جوان کی شناخت مان کمار بگا کے بطورکی گئی ۔
دریں اثنا نوشہرہ سیکٹر میں سنائپر حملے کے بعد لائن آف کنٹرول پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
اس دوران جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نلن پربھات نے پونچھ کا پہلا دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب کا دورہ کیا۔
ڈی جی پی نے پولیس افسران کے ساتھ ایک اعلی سطحی سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی ، جس میں پاکستان سے جاری دراندازی کی کوششوں کو روکنے کےلئے حفاظتی اقدامات کو سخت کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
پربھات نے پونچھ میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں افطار چائے کے اجتماع میں بھی شرکت کی ، جہاں انہوں نے پولیس اہلکاروں اور ریٹائرڈ افسران سے ملاقات کی۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ڈی جی پی آج ضلع کے سرنکوٹ علاقے کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پونچھ اور راجوری کے علاقوں میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
منگل کے روز ڈی جی پی راجوری پہنچے جہاں انہوں نے تھانہ منڈی سب ڈویڑن کا دورہ کیا اور سیکورٹی فورس کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے راجوری ضلع کے تھانہ منڈی سب ڈویڑن علاقوں میں جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا تفصیلی تجزیہ بھی کیا۔
تحقیقات کے طریقہ کار اور نئے فوجداری قوانین کے نفاذ سمیت متعدد محاذوں پر ہدایات جاری کی گئیں۔