سرینگر/27فروری
کشمیر کی سراغ رساں ایجنسی (سی آئی کے ) نے دہلی میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران ٹیرر فنڈنگ میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کیاہے۔
کاونٹر انٹیلی جنس کشمیر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبر 2/24میں مطلوب دہشت گرد کو ایک خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ گرفتار دہشت گرد ٹیرر فنڈنگ میں ملوث ہونے کے علاوہ اس کے لائن آف کنٹرول کے اُس پار بیٹھے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ گہرے روابط تھے ۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ دہشت گرد جموں وکشمیر میں سرگرم ممنوع دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ دہشت گردوں کو مختلف طریقوں سے لاجسٹک سپورٹ فراہم کر رہا تھا اور یہ کہ تخریبی سرگرمیوں کو انجام دینے کی خاطر وہ فنڈ فراہم اور منتقل کرنے کے حوالے سے بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
بیان کے مطابق ملزم پرویز احمد خان عرف پی کے عرف شیخ تجمل اسلام عرف خالد ولد بشیر احمد خان ساکن فاروق کالونی بمنہ سری نگرٹیرر فنڈنگ کےلئے استعمال رقم کو لائن آف کنٹرول کے ذریعے اس طرف بھیج کر پھر اس کو کورئیرز کے ذریعے بھارت کے مختلف شہروں تک پہنچانے کے کام پر مامور تھا۔
ان کے مطابق شیخ تجمل اسلام کو کشمیر کی سراغ رساں ایجنسی اور دہلی پولیس کی سی آئی ڈی سیل نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ چند روز قبل سی آئی کے کشمیر کے ہیڈ کواٹر میں اس آپریشن کی منصوبہ بندی کی گئی اور ملزم پر خصوصی نظر گزر رکھی جارہی تھی۔
بیان کے مطابق ملزم گرفتاری سے بچنے کے لئے روپوش تھا اورعدالت مجاز کی ہدایت پر اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
ترجمان نے کہاکہ ملزم کو بہت جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں سے اس کی جسمانی ریمانڈ حاصل کی جائے گی۔
سی آئی کے کے مطابق تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ۔