‘جموں/۲۷فروری
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعرات کو مطالبہ کیا کہ اسپیکر کو 3 مارچ سے شروع ہونے والے جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ بجٹ اجلاس کے دوران کسی بھی غیر آئینی یا ملک مخالف قرارداد یا بل کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر ‘سنیل کمار شرما نے بتایا کہ وہ ایوان میں کسی بھی غیر آئینی ، غیر جمہوری اور ملک مخالف قرارداد ، سوال یا کسی بھی بل کی اجازت نہیں دیں گے۔
شرما نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس کے دوران ہم نے اسپیکر پر زور دیا کہ وہ ایسی کسی سرگرمی کی اجازت نہ دیں اور ایوان کو غیر جانبداری سے چلائیں۔
اسپیکر عبدالرحیم راتھر کی زیر صدارت کل جماعتی اجلاس ہوا جس میں بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کی کارروائی کو ہموار بنانے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون طلب کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر نے اراکین پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وقفہ سوالات میں خلل نہ پڑے جو حکومت کو جوابدہ بنانے کےلئے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شرکائ نے اسپیکر پر زور دیا کہ انہیں عوام کے مسائل اٹھانے کےلئے مناسب وقت دیا جائے۔
راجوری کے ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے بتایا کہ اجلاس میں ایوان کی کارروائی کو یقینی بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خان نے کہا”تمام جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے تھا کہ خلل نہیں پڑے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایگزیکٹو مقننہ کے سامنے جوابدہ ہو“۔
اجلاس میں بی جے پی کے سنیل شرما اور سرجیت سنگھ سلاتھیا، نیشنل کانفرنس کے مبارک گل، کانگریس کے غلام احمد میر، سی پی آئی (ایم) کے محمد یوسف تاریگامی، پی ڈی پی کے وحید الرحمان پرہ اور آزاد ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے شرکت کی۔
پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون اور نیشنل کانفرنس کے رہنما علی محمد ساگر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔