سرینگر//
ڈیجیٹل پولیسنگ کی طرف ایک اہم قدم میں پولیس اسٹیشن کھریو اور پولیس اسٹیشن بڈگام میں ای میل کے ذریعے کی جانے والی شکایات پر پہلے ای ایف آئی آر درج کئے گئے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ مشتاق احمد بٹ ساکن نیو کالونی کھریو نے ای میل کے ذریعے عادل احمد بٹ اور بلال احمد بٹ ساکنان نیو کالونی کھریو کے خلاف بذریعہ ای میل ایک شکایت درج کرائی تھی۔
ترجمان نے کہا’’شکایت کنندہ نے ان پر الزام لگایا کہ ان دونوں نے اس کے پورے خاندان پر حملہ کرکے انہیں زخمی کر دیا‘‘۔
ان کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ نے شکایت کی حمایت میں پبلک ہیلتھ سینٹر کھریو سے او پی ڈی ٹکٹ اور آدھار کارڈ کی کاپی ثبوت کے طور پر ساتھ رکھی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ شکایت کی جانچ پڑتال کے بعد پولیس اسٹیشن کھریو میں بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک ای ایف آئی آر درج کرکے نوٹس لیا گیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ بڈگام پولیس نے ایک چوری کی واردات کے متعلق شکایت پر پہلی ای ایف آئی آر درج کی۔
انہوں نے کہا کہ شکایت کی جانچ کرنے کے بعد،پولیس اسٹیشن بڈگام میں بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایایف آئی آر درج کرکے نوٹس لیا گیا۔