’یکم سے ۲ مارچ تک موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے‘
سرینگر//
محکمہ موسمیات نے ۲۸ فروری تک جموں کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ ۲۴ گھنٹوں کے دوران جموں کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری ہوئی ہے جبکہ اس دوران دور دراز علاقوں میں شدید برفباری ہوئی ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ ۲۸فروری تک کشمیر اور جموں ڈویڑن دونوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
عہدیدار نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کے پہاڑی اضلاع کی بنیادی طور پر سادھنا پاس ، رازدھن پاس ، سونمرگ، زوجیلا ، گمری محور ، مغل روڈ ، سنتھن پاس اور دیگر اہم سڑکوں پر زمینی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑا ہے۔
انہوں نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ انتظامیہ اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ کسانوں کو آبپاشی اور دیگر زرعی کاموں کو معطل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
یکم سے ۲ مارچ تک موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ جبکہ ۳ مارچ کو جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ ۴ سے ۶ مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔
عہدیدار نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔
اس دوران گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۸ء۷ملی میٹر بارشیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔
وادی کے سیاحتی مقام گلمرگ میں۳۳سینٹی میٹر برف جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں۸ء۲۰ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔
شمالی ضلع کپوارہ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۳ء۲۰ملی میٹر بارش اور۵ء۱سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قصبہ قاضی گنڈ میں۲ء۱۲ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
سری نگر ہوائی اڈے پر گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران۶ء۱ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب ۰ء۹ملی میٹر اور۵ء۱۳ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب۵ء۱۹ملی میٹر اور۵ء۲۶ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران سوپور میں۰ء۳۲ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب۰ء۳ملی میٹر‘۰ء۱ملی میٹر‘۰ء۱۲ملی میٹر اور۵ء۹ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔
دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں بہتری تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۹ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت۱ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۳ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۸ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔