سرینگر//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ سویہ بگ کی ایک ٹیم نے نادی گام وڈون کراسنگ پر ایک ناکے کے دوران ایک مشکوک شخص جو ایک نائیلون بیگ اٹھائے ہوئے تھا، کو روکا جس نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران بیگ سے۸۲۷ء۳کلو نیم پیسا ہوا چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار فردکی شناخت بشیر احمد حجام ولد محمد حجام ساکن وڈون کے طور پر کی گئی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بڈگام میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ وترہیل نے سمسان کراسنگ پر ایک ناکے کے دوران دو مشکوک افراد کو روکا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۱۳۵گرام وزنی چرس جیسے مواد کی۷چھڑیاں اور ۸۵۰گرام نیم پیسا ہوا چرس جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
گرفتار شدگان کی شناخت محمد یونس بیگ ولد محمد رمضان بیگ ساکن گنڈ علی نائیک اور اشفاق احمد ڈار ولد محمد عبداللہ ڈار ساکن کاٹھوار بڈگام کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بڈگام میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڈگام پولیس لوگوں کے تعاون سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے ۔