سرینگر//
گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کے محکمہ ای این ٹی نے ایم ایم اے بی ایم ایسو سیٹڈ ہسپتال میں ایک نوعمر لڑکے کی ناک سے سانپ نما ایک بڑا کیڑا نکال دیا۔
جی ایم سی اننت ناگ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ لڑکا ہسپتال اس شکایت کے ساتھ آیا تھا کہ ایک دم نما چیز اس کے نتھنے سے باہر نکل رہی ہے ۔
ترجمان نے کہا’’ای این ٹی کے رزیڈنٹ ڈاکٹر کو معائنے کے دوران شک ہوا کہ لڑکے کی ناک کے اندر ایک بڑا سانپ نما کیڑا موجود ہے جس کے بعد ای این ٹی شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر عامر کے ساتھ اس کیس کو زیر بحث لایا گیا اور سکشن لگانے پر ناک سے ایک بہت بڑا سانپ نما کیڑا نکالا گیا‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ صحیح نوعیت کی تصدیق کے لیے اس کیڑے کو فرانزک لیبارٹری بھیجا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جی ایم سی اننت ناگ کے ای این ٹی ڈپارٹمنٹ نے اب تک ۲۲۵سے زیادہ تھائرائڈ سرجریز‘۵۰پلس سیلوری گالنڈ/پیروٹیڈ سرجریز اور بہت سی میکسیلیکٹومیز کی ہیں علاوہ ازیں لیرینکس اور اور ہائپوفرینکس کے۸۰سے زیادہ کیسز کی تشخیص کی ہے ۔
دریں اثنا پرنسپل اور ڈین جی ایم سی اننت ناگ پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ نجیب نے ای این ٹی کے شعبہ کو پورے جوش و خروش اور مؤثر طریقے سے دن رات علاقے کے مریضوں کی بے لوث خدمت کرنے پر سراہنا کی ہے ۔