سرینگر//
سیکورٹی فورسز نے جنوبی ضلع کولگام میں تین ملی ٹینٹ معاونین کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ فسٹ آر آر‘۱۸ویںبٹالین سی آر پی ایف اور کولگام پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران تین ملی ٹینٹ معاونین جن کی شناخت عبید کھانڈے ولد خورشید احمد کھانڈے، مقصود احمد بٹ ولد محمد رمضان بٹ اور عمر بشیر ولد بشیر احمد ڈار ساکنان ٹھوکر پورہ کیموہ کولگام کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ گرفتار شدگان کے قبضے سے دو اے کے رائفلیں‘آٹھ میگزین‘۲۱۷گولیوں کے راونڈ، پانچ ہینڈ گرینیڈ اور دو پوچ برآمد کئے ہیں۔
پولیس بیان کے مطابق گرفتار ملی ٹینٹ معاونین لشکر طیبہ، ٹی آر ایف سے وابستہ سرگرم ملی ٹینٹ کے ساتھ رابطے میں تھے اور وہ ضلع میں تخریبی سرگرمی کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سرگرم ملی ٹینٹ اور ان کے اعانت کاروں کے منصوبوں کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
پولیس نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ تخریبی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔