سرینگر/۶جنوری
سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر برف ہٹانے کے بعد فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے اور حکام نے تاخیر کے بعد چار پروازوں کی لینڈنگ کی تصدیق کی ہے۔
ہوائی اڈے کے ایک عہدیدار نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ برفباری کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر کے بعد رن وے کو کلیئر کردیا گیا ہے اور فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا ہے کیونکہ پروازوں نے لینڈنگ شروع کردی ہے۔
وادی کشمیر میں شبانہ برف باری کے باعث پیر کی صبح بھی سری نگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن میں خلل واقع ہواتھا۔حکام نے بتایا کہ تمام ائیر لائنز نے پروازوں کو ری شیڈول کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہوائی اڈے سے برف ہٹانے کے بعد فلائٹ آپریشن کو بحال کیا جائے گا۔
سری نگر ہوائی اڈے پر پیر کو لگاتار چوتھے روز صبح کے وقت فلائٹ آپریشن میں خلل واقع ہوئی۔قبل ازیں دھند کی وجہ سے گذشتہ تین دنوں کو صبح کے وقت فلائٹ آپریشن میں خلل واقع ہوئی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں دوران شب تازہ برف باری ہوئی۔