سرینگر//
منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے وادی کشمیر کے اونتی پورہ، بارہمولہ اور کولگام میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران۶منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اونتی پورہ میں پولیس پوسٹ ریشی پورہ کی ایک ٹیم نے ڈوگری پورہ میں ایک ناکے کے دوران ایک ایکو گاڑی کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے۶۸۰ء۱کلو بھنگ پائوڈر بر آمد کی گئی جس کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت عارف احمد ولد ثنا واللہ وار اور نصیر احمد وار ولد محمد مقبول وار ساکنان وار پورہ سوپور کے طور پر کی گئی ہے ۔
شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن پٹن کی ایک ٹیم نے کلساری پٹن کے نزدیک ایک ناکے کے دوران ایک بغیر نمبر کے موٹر سائیکل کو روکا جس پر تین افراد سوار تھے ۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے ۹۰گرام چرس بر آمد کیا گیا جس کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔
ان منشیات فروشوں کی شناخت مشتاق احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن پٹھہ گام واگورہ، طاہر احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ ساکن وار پورہ ٹنگہ مرگ اور نثار احمد گنائی ولد غلام رسول گنائی ساکن درہامہ واگورہ کے طور پر کی گئی ہے ۔
پولیس نے اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن یاری پورہ کی ایک ٹیم نے یاری پورہ میں ایک ناکے کے دوران ایک گاڑی (آٹو) کو روکا جس کو سجاد احمد کھار ولد محمد عبداللہ کھار ساکن کھار پورہ چلا رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے۹سو گرام بھنگ پائوڈر بر آمد کی گئی جس کے بعد اس کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ان تمام منشیات فروشوں ک خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمے درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔