جموں/ 28 نومبر
سرکاری دفاتر میں غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر کمار چودھری کا کہنا ہے کہ اپنے فرائض میں غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چودھری نے کہا کہ میں نے پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دورے کے دوران قریب70 فیصد ملازموں کو غیر حاضر پایا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا اچانک دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
چودھری نے کہا”جب میں نے آج یہاں پانامہ چوک میں چیف انجینئر پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے دفتر کا دورہ کیا تو میں حیران ہوا کہ وہاں ملازم ہی موجود نہیں تھے جو سینئر افسر ہیں وہ بھی موجود نہیں تھے “۔
ان کا کہنا تھا کہ”اس دفتر میں 70 فیصد ملازم موجود نہیں تھے “۔
چودھری نے کہا”ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ہمیں عوام نے منتخب کیا ہے پہلے کی حکمرانی ختم ہو چکی ہے اور اب عوام کی حکمرانی ہے جمہوریت کی حکمرانی ہے “۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احتساب اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سرکاری محکموں میں اس طرح کے اچانک دورے کئے جائیں گے ۔ان کا کہنا تھا”ایسا لگتا ہے ہمیں ہر سرکاری دفتر میں جانا ہوگا“۔
چودھری نے کہا کہ ہم غریبوں کے پیسوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا”وزیر اعلیٰ عمر صاحب کی بھی ہدایات ہیں کہ ہم لوگوں تک پہنچیں اور جو بھی سہولیات ہیں ان کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔“