نہیں صاحب ہم اتنے بھی نا سمجھ نہیں ہیں… اور بالکل بھی نہیں ہیں جو ہماریہ سمجھ میں یہ بات نہیں آئیگی کہ … کہ بجلی کا اصل مسئلہ کیا ہے…سرما‘موسم سرما میں اس کا اصل مسئلہ کیا ہے ۔ ہم جانتے ہیں کہ سرما میں بجلی کی پیداوار کم ہو تی ہے اور… اور مانگ بڑھ جاتی ہے… ٹھنڈ کی وجہ سے مانگ بڑھ جاتی ہے… پیداوار اور کھپت میں جو یہ تفاوت ہے یہی سارے فساد کی جڑ ہے اور… اور سو فیصد ہے… اس کیلئے ہم … ہم صارفین ذمہ دار ہیں اور نہ محکمہ بجلی… اصل مسئلہ یہی ہے اور ہماری اس نا سمجھ ‘ سمجھ میں یہ بات آگئی ہے… بیٹھ گئی ہے ۔ لیکن… لیکن ایک بات جو ہماری سمجھ میں نہیں آ رہی ہے اور بالکل بھی نہیں آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ محکمہ بجلی خود ہی خود کو ویلن کیوں بنا رہا ہے… کیوں وہ اس بات پر بضد ہے کہ لوگ اسے ویلن سمجھیں ‘ اسے ہی اپنی مشکلات کا ذمہ دار بھی ۔اوراگر ایسا ہی ہے اور لوگ سچ میں اسی کو ذمہ دار سمجھتے ہیں تو … تو اللہ میاں کی قسم اس کیلئے بھی محکمہ … محکمہ بجلی خود ہی ذمہ دار ہے‘ کوئی اور نہیں ‘ بالکل بھی نہیں ۔سرما میں محکمہ ایک شیڈول مرتب کرتا ہے اور… اور اسی شیڈول کے مطابق علاقوں میں بجلی فراہم کرنے کا وعدہ بھی کرتا ہے… یہ شیڈول ہر سال جاری ہو تا ہے … اور ہر سال محکمہ اس شیڈول کو عملانے میں ناکام ہو تا ہے… مکمل ناکام … اس سال ببھی صورتحال کچھ مختلف نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے …عمرعبداللہ کی قیادت میں عوامی سرکارکے آنے کے باوجود بھی مختلف نہیں ہے ۔تو صاحب سوال یہ ہے کہ اگر محکمہ اپنے شیڈول پر عمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے تو… تو پھر وہ اس کا اعلان ہی کیوں کرتا ہے کہ… کہ اس کے بجلی شیڈول کے اعلان سے لوگوں میں ایک امید جاگ جاتی ہے کہ انہیں دن میں فلاں فلاں وقت پر بجلی فراہم ہو گی… لیکن ایسا ہو تا نہیں ہے… محکمہ اپنے مشتہر کردہ شیڈول پر عمل نہیں کرپا تا ہے اور… اور یہ ایک بات لوگوں کو غصہ دلاتی ہے… وہ محکمہ کو کوسنے لگتے ہیں ‘ احتجاج کرتے ہیں… بجلی فیس ادا نہ کرنے کی دھمکی بھی دیتے ہیں… اس سے اچھا یہ ہے کہ محکمہ کوئی شیڈول جاری ہی نہیں کرے اور اپنے صارفین پر واضح کر دے کہ جب بجلی دستیاب ہو گی تو… تو بانٹ دی جائیگی ورنہ نہیں … اگر محکمہ ایسا کرتا ہے تو … تو لوگ بھی خاموش ہو جائیں گے اور… ارو اس لئے ہو جائیں گے کیوں کہ پھر نہیں کوئی امید نہیں رہے گی … بجلی کے آنے کی امید۔ ہے نا؟