سیاستدان… حریف سیاستدان اپنی لمبی سیاسی عمر کیلئے اپنے حریف کی سیاسی زندگی کے خاتمے کی دعا کرتے رہتے ہیں ۔ دوسری کوئی اور دعا یہ کرتے ہوں یا نہیں ‘ لیکن یہ ایک دعا وہ ضرور کرتے رہتے ہیں۔لیکن ایک سیاسی جماعت اور اس جماعت کے لیڈر ایسے بھی ہیں جو اپنی حریف سیاسی جماعت اور اس کے لیڈروں کی لمبی سیاسی زندگی کیلئے دعا مانگتے رہتے ہیں… اس کیلئے وہ نذر و نیاز بھی کرتے ہوں گے … منتیں بھی رکھتے ہوں گے … تاکہ ان کی یہ دعا قبول ہو جائے اور… اور دیکھئے کہ اللہ میاں ان کی یہ دعا قبول بھی کرتا ہے … بار بار کرتا ہے ۔یہ جماعت کوئی اور نہیں‘بلکہ بی جے پی ہے جو… جو کانگریس کی قتادت کی لمبی عمر کی دعائیں کرتی رہتی ہے اور… اور اس لئے کرتی رہتی ہے کیونکہ گاندھی خاندان بی جے پی کیلئے ایک ایسا اثاثہ ثابت ہوا ہے جس کی وہ حفاظت… کسی بھی قیمت پر حفاظت کرنا چاہے گی …بی جے پی کی خواہش ہو گی کہ کانگریس کی قیادت گاندھی خاندان کے ہی ہاتھ میں رہے‘ کوئی تازہ نیا خون اس کی قیادت نہ سنبھالے … اور اب تک اس کی یہ خواہش پوری بھی ہو رہی ہے اور… اور اس بات کا اغلب امکان ہے کہ آئندہ بھی ہو گی اور… اور سو فیصد ہو گی ۔ اندازہ لگائیے کہ اگرگاندھی خاندان کے ہاتھ میں کانگریس کی بھاگ ڈور نہیںہو تی تو… تو مودی کے جادو کا زور کب کا ٹوٹ چکا ہے …اور ممکن تھا کہ انہیں اپنا بسترہ نابدھ کر واپس گجرات کی ٹرین پکڑنی پڑتی… لیکن … لیکن یہ گاندھی خاندان ہے ‘جو اس بات کو یقینی بنا رہا ہے اور… اور سو فیصد بنا رہا ہے کہ … کہ مودی جی ایک لمبے وقت کیلئے دہلی کے شاہی تخت پر براجمان رہیں اور… اور ایک لمبی اننگ کھلیں … اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اتنی محنت مودی جی اور ان کے امیت بھائی شاہ نہیں کرتے ہیں اور… اور بالکل بھی نہیں کرتے ہیں … جتنی محنت کانگریس کی قیادت کررہی ہے… واللہ مودی جی بھی اتنی محنت نہیں کرتے ہیں اور… اور آپ اس بات سے اتفاق کریں گے کہ … کہ خود کو ہرانا اتنا بھی آسان نہیں ہے… یہ ایک مشکل کام ہے ‘ بہت مشکل کام… ایسا مشکل کام جو … جو سونیا جی ‘ راہل بابا اور… اور اب پرینکا گاندھی کررہی ہیںاور… اور سو فیصد کررہی ہیں ۔واللہ کیا قسمت پائی ہے مودی جی اور ان کی بی جے پی نے ۔ ہے نا؟