سرینگر/۱۰اکتوبر
نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ لیجسلیچر پارٹی(ایل پی) کی میٹنگ میں عمر عبداللہ کو ایل پی کا چیئرمین منتخب کیا گیا جس کا مطلب ہے کہ عمر پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔
عمر کو اب اتحادی کانگریس سے حمایت کا خط ملے گا اور اس کے بعد وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کریں گے اور 49 ممبران اسمبلی کے ساتھ حکومت کی تشکیل کا دعویٰ پیش کریں گے۔
نوائے صبح کمپلیکس میں نیشنل کانفرنس ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ایل پی اجلاس میں عمر کو چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں موجود نیشنل کانفرنس کے ایک رہنما نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ این سی-کانگریس اتحاد ہفتہ تک حکومت کی تشکیل کا دعوی پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل کانگریس کی میٹنگ ہے اور سب سے پہلے ان کی حمایت حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تمام نومنتخب اراکین نے متحد رہنے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے اور ان کی امنگوں کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔