جموں*//
جموںکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے آخری مرحلے پر جموں میں مقیم مغربی پاکستانی پنا ہ گزینوں نے بھی پہلی دفعہ اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ۔
اطلاعات کے مطابق دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے بعد مرکزی سرکار نے جموں میں گزشتہ۷۰برسوں سے مقیم مغربی پاکستانی رفوجیوں کو بھی ووٹنگ کا حق دیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ آج صبح سے ہی آر ایس پورہ حلقے میں مغربی پاکستانی رفوجیوں کو پولنگ اسٹیشنوں کے باہر لمبی لمبی قطاروں میں دیکھا گیا۔
اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد سکھوندر نے کہا’’خوشی کی بات ہے کہ مودی جی نے مغربی پاکستانی رفوجیوں کو ووٹنگ کا حق دیا ‘‘۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ستر برسوں سے ہمیں محروم رکھا گیا لیکن موجودہ سرکار نے ہمیں ووٹنگ کا حق دیا ہے ۔
منجیت سنگھ نامی ایک اورشہری نے کہا’’گزشتہ ستر برسوں سے مغربی پاکستانی رفوجیوں کو جمہوری حق سے محروم رکھا گیا ، اسمبلی الیکشن میں ہمیں پہلی دفعہ ووٹ ڈالنے کا موقع ملا ہے ۔ ‘‘
دریں اثناجموں میں والمیکی سماج سے وابستہ لوگوں نے پہلی دفعہ اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں منگل کو تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ جاری ہے ۔
جموں میں والمیکی سماج سے وابستہ لوگوں نے پہلی دفعہ اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے موقع پر کہا’’جموں وکشمیر کے حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور ہمیں پہلی دفعہ اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کا موقع فراہم ہوا‘‘۔
پچاس سالہ شہری نیرج نے کہا’’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پنجرے سے باہر کر آزاد ہو گیا ہوں، ہماری کیمونٹی کو گزشتہ۷۰سالوں سے ووٹنگ سے محروم رکھا گیا تھا تاہم موجودہ مرکزی حکومت نے ہمیں ووٹنگ کا حق دیا جس کیلئے ہم وزیر اعظم مودی کے بے حد مشکور ہیں۔ ‘‘