جموں//
وزیر اعظم نریندرمودی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی مہم کیلئے۲۸ستمبر کو جموں کا دورہ کریں گے جہاں وہ مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے ۔
تین مرحلوں پر محیط جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے دوران یہ وزیر اعظم کا تیسرا دورہ جموں وکشمیر ہوگا۔
اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی مہم کی دوران وزیر اعظم نے۱۴ستمبر کو پہلا دورہ جموں کشمیر کیا تھا جبکہ۱۹ستمبر کو انہوں نے سری نگر کے شیر کشمیر اسٹیڈیم میں اور ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کئے ۔
جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگی جبکہ پہلے مرحلے کی پولنگ۱۸ستمبر کو منعقد ہوئی اور دوسرے مرحلے کی پولنگ ۲۵ستمبر یعنی بند کے روز منعقد ہونے والی ہے ۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی۲۸ستمبر کو جموں کے مولانا اآزاد اسٹیڈیم میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے ۔
مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے منگل کے روز مولانا آزاد اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ لیا اس دوران پارٹی کے کئی لیڈر ان کے ہمراہ تھے ۔
اس موقع پر جموں و کشمیر یونٹ کے بی جے پی لیڈر آشیش سود نے میڈیا کو بتایا’’وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں وکشمیر کے لوگوں کیلئے خاص لگائو ہے ، جو پانچ اگست ۲۰۱۹کے بعد انہوں نے یہاں کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کئے ہیں لوگ ان سے کافی خوش ہیں‘‘۔
مبصرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کے انتخابی مہم کے دوران ریلی سے خطاب سے جہاں پارٹی امید واروں کو کافی فائدہ ہوگا وہیں پارٹی کارکنوں کے حوصلے بھی بلند ہوں گے ۔
وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیسے بی جے پی کے بڑے لیڈر پارٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ سیٹوں کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلا رہے ہیں جبکہ بعض بڑے لیڈر یہیں خیمہ زن ہیں۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کیلئے جموں و کشمیر کی کل۹۰سیٹوں میں سے۷؍اضلاع کی۴۰سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ان میں سے کشمیر میں۱۶سیٹوں جبکہ جموں کی۲۴نشستوں کی پولنگ ہوگی۔
اس مرحلے میں جن اضلاع میں پولنگ ہوگی ان میں کپوارہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، اودھم پور، کٹھوعہ، سانبی اور جموں شامل ہے ۔جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے اس تیسرے اور سب سے بڑے مرحلے کیلئے کل۴۴۹؍امید وار میدان میں ہیں۔