کٹرا//
وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر کے مستقبل سے جڑے اسمبلی انتخابات میں عوام سے دانشمندی سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ انہیں کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے سیاسی غروب آفتاب کو یقینی بنانا چاہیے۔
جموں کشمیر کے ریاسی ضلع میں ویشنو دیوی مندر جانے والے یاتریوں کے بیس کیمپ کٹرا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس قیادت پر ایک سوچی سمجھی سازش اور نکسل ذہنیت کی وجہ سے ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرنے کا بھی الزام لگایا اور لوگوں سے پوچھا کہ کیا انہیں اس کی سزا نہیں ملنی چاہیے؟
یہ جمعرات کو جموں کشمیر میں وزیر اعظم کی طرف سے خطاب کی جانے والی دوسری اور ایک ہفتے میں تیسری انتخابی ریلی تھی۔
اس سے قبل انہوں نے سرینگر میں ایک اور ریلی سے خطاب کیا۔ مودی نے ۱۴ ستمبر کو ڈوڈا ضلع میں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا۔
مودی نے کہا کہ یہ الیکشن جموں کشمیر کے مستقبل کے انتخاب کیلئے ہے۔ وزیر اعظم نے رائے دہندگان سے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات’نئے جموں و کشمیر‘ کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے ہیں۔
ان کاکہنا تھا’’کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے تین کنبوں نے برسوں تک یہاں کے لوگوں کو زخم دیے۔ ہمیں بی جے پی کے نشان کمل کے آگے بٹن دبا کر ان پارٹیوں کے سیاسی غروب کو یقینی بنانا ہے۔ یہ بی جے پی ہی ہے جس نے آپ کے مفادات کو ترجیح دی اور خطے کے ساتھ دہائیوں سے جاری امتیازی سلوک کو ختم کیا‘‘۔
سرینگر اور کٹرا میں مودی کی ریلیاں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ کے ایک دن بعد ہوئی ہیں، جس میں جنوبی کشمیر کے سات اضلاع اور چناب وادی کے علاقے کے ۲۴ حلقوں کا احاطہ کیا گیا اور۶۱ فیصد سے زیادہ ووٹنگ درج کی گئی۔ (ایجنسیاں)