جموں//
وزیر اعظم دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو کہاکہ وزیر داخلہ امیت شاہ کا نام سنتے ہی دہشت گردوں اور دشمنوں کے حوصلے پست ہو جاتے ہیں۔
جتندر نے کہاکہ امیت شاہ نے ہی تاریخ رقم کرکے دفعہ۳۷۰؍اور ۳۵؍اے کو منسوخ کرکے جموں وکشمیر کو امن کا گہوارا بنایا۔
ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر مملکت نے کشتواڑ میں چناوی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔
جتندر نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت بی جے پی کی لہر ہے اور اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔
وزیر داخلہ امیت شاہ کو دور اندیش سیاستدان قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیرمملکت نے کہا ’’وزیر داخلہ امیت شاہ کا نام سنتے ہی دہشت گردوں اور دشمنوں کے حوصلے پست ہو جاتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں نے تاریخی فیصلہ لیتے ہوئے دفعہ ۳۷۰؍اور ۳۵؍اے کو ختم کیا۔ان کے مطابق دنیا کی کوئی طاقت اس قانون کو واپس نہیں لا سکتی ۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ یہاں پر غلامی کا احساس تھا لیکن موجودہ مرکزی حکومت نے ۳۷۰کو منسوخ کرکے لوگوں کو آزادی فراہم کی ہے ۔انہوں نے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دونوں پارٹیوں نے سابقہ ریاست کو دودو ہاتھوں لوٹا۔
کشتواڑ میں نیلم کی کھان پر بہت جلد کام شروع کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ اس پروجیکٹ سے یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
ان کے مطابق سابقہ سرکاروں نے کشتواڑ کو پوری طرح سے نظر انداز کیا لیکن موجودہ سرکار اس کی اور خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کشتواڑ کے لوگوں نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ اپنی وابستگی جتائی اور یہاں بی جے پی کا جھنڈا بلند رکھنے کی خاطر مقامی لوگوں نے کافی قربانیاں دی ہیں۔
اسمبلی انتخابات پر مرکزی وزیر مملکت نے کہا ’’جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بی جے پی کی ہوگی اور وزیر اعلیٰ بھی ہمارا ہی ہوگا کیونکہ یہاں کے لوگوں نے بی جے پی کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کا مصمم ارادہ کیا ہے ۔‘‘