سرینگر//
جموںکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی کے فقیدالمثال انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں پر امن اور منصفانہ چناو کو یقینی بنانے کی خاطر اضافی کمپنیوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جن امیدواروں نے اپنی نامزدگیاں داخل کی ہیں، انہیں مکمل سیکورٹی فراہم کی گئی ہے ۔
جنوبی کشمیر میں چناوی مہم اس وقت زو و شورو سے جاری ہے جس کے پیش نظر شوپیاں، پلوامہ ، کولگام اور اننت ناگ اضلاع میں اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ انتخابی ریلیوں اور عوامی اجتماعات کے مقامات کو بھی محفوظ بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے خطرے کو ٹالا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں اضافی کمپنیوں کی تعیناتی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعینات کئے گئے اضافی دستوں میں سی آر پی ایف ، بی ایس ایف، ایس ایس بیاور انڈو تبتی بارڈر پولیس فورس شامل ہیں۔ ان یونٹوں کا کام ہجوم کو کنٹرول کرنااور امن و امان کو برقرار رکھنا مقصود ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسزکی تعیناتی بڑھائی گئی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے ۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی ، پہلا مرحلہ ۱۸ستمبر کو ہوگا‘دوسرا مرحلہ۲۵؍اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوگا جبکہ انتخابی نتئاج کا اعلان ۸؍اکتوبر کو کیا جائے گا۔
جموں کشمیر کے۹۰حلقوں میں۰۹ء۸۷لاکھ ووٹر ہیں، ان میں سے۶ء۴۲لاکھ خواتین شامل ہیں۔ پہلی بار نوجوان ووٹروں کی تعداد۷۱ء۳لاکھ جبکہ مجموعی طورپر۷ء۲۰لاکھ نوجوان ووٹرز ہیں ۔
ادھرانسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر‘ رینج ودھی کمار بردی نے منگل کو جنوبی کشمیر میں سیکورٹی اور انتخابی تیاریوں کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کواٹر اننت ناگ میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس اور دیگر سلامتی اداروں سے وابستہ سینئر آفیسران نے شرکت کی۔
ترجمان نے کہاکہ میٹنگ کے دوران انتخابی عمل کے موثر انعقاد کو یقینی بنانے کی خاطر حفاظتی انتظامات پر تبادلہ خیال ہوا۔
آئی جی نے آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کی خاطر زمینی سطح پر کارگر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر کو جنوبی کشمیر میں سیکورٹی انتظامات ، اضافی کمپنیوں کی تعیناتی اور پولنگ بوتھوں کے اردگرد سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریف کیا گیا۔
آئی جی پی کشمیر نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کی ضرورت پر زور دیا اور ہدایت کی کہ انتخابی عمل کے ہموار اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فعال اقدامات کیے جائیں۔
آفیسران کوبریفنگ دیتے ہوئے آئی جی کشمیر نے کہاکہ ہم انتخابی عمل کو انتہائی پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔
آئی جی نے میٹنگ میں شریک سبھی آفیسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے وہ مستعد رہیں۔
آئی جی کشمیر نے بعد ازاں ضلع اننت ناگ میں کیمپنگ مقامات پر کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر پیرا ملٹری فورسز کو دی جارہی سہولیات کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔انہوں نے اضافی پیرا ملٹری فورسز کے افسران اور جوانوں کو مناسب سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں موقع پر ہی ہدایات دیں۔