نئی دہلی//
ہندوستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسے پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس او سی) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت ملی ہے ۔
وزرات خارجہ کے ترجمان ‘ رندھیر جیسوال نے آج ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ’’جی ہاں، بھارت کو پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت مل گئی ہے۔ جب بھی ہمارے پاس کوئی اپ ڈیٹ ہوگا، ہم اسے آپ کے ساتھ اشتراک کریں گے‘‘۔
یہ سربراہی اجلاس ۱۵؍اور ۱۶؍اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والا ہے۔
اس سے پہلے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران پاکستانی ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بعض ممالک نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے جب کہ وزیرِ اعظم مودی کو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔
بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بھارت کے ساتھ براہِ راست تجارتی روابط نہیں ہیں۔
آٹھ برس کے دوران ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان نے بھارتی وزیرِ اعظم کو پاکستان میں ہونے والے کسی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اس سے قبل ۲۰۱۶ میں پاکستان میں سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے وزیرِ اعظم مودی کو دعوت دی گئی تھی۔ تاہم بھارت کے بائیکاٹ کی وجہ سے یہ اجلاس منسوخ کر دیا گیا تھا۔
شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ( ایس سی او) نامی تنظیم کا قیام ۲۰۰۱میں ہوا تھا جس میں روس، چین اور وسطی ایشیائی ممالک شامل تھے۔ بعد ازاں بھارت، ایران اور پاکستان کو بھی اس میں شامل کر لیا گیا تھا۔
گزشتہ برس بھارت کے شہر گوا نے ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کی تھی جس میں پاکستان کے سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی تھی۔