سرینگر//
سرینگر کے۸؍اسمبلی حلقوں‘جہاں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ۲۵ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے ‘ میں خواتین ووٹروں کی تعداد مردوں سے زیادہ ہے ۔
سرینگر ضلع میں حتمی انتخابی فہرست کے مطابق کل ۷لاکھ۷۴ ہزار ۴۶ راے دہندگان ہیں جن میں مرد ووٹروں کی تعداد۳ لاکھ۸۶ ہزار۶۵۴؍اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد۳ لاکھ۸۷ ہزار ۷۷۷ہے۔ جبکہ خواجہ سرا ووٹروں کی تعداد ۳۰ ہے۔
ضلع میں ۸؍اسمبلی حلقے ہیں جن میںحضرت بل‘خانیار‘ حبہ کدل‘ لال چوک‘ چھانہ پورہ‘ زڈی بل‘ عیدگاہ اور سینٹرل شالہ ٹینگ ۲۶شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے دوسرے مرحلے کا نوٹیفیکشن جمعرات کو جاری کیا گیا۔ دوسرے مرحلے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ ۵ستمبر مقرر کی گئی جبکہ کاغذات کی جانب پڑتال ۶ستمبر ہوگی اور ۹ستمبر کو کاغذات واپس لئے جا سکتے ہیں۔
ادھر، الیکشن کمیشن آف انڈیا نے رائے دہندگان کو آسانی اور بغیر کسی پریشانی کے اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی خاطر ۹۳۲ پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا ہے۔
ایسے میں الیکشن کمیشن نے شمولیتی اور شراکتی انتخابات کے ماضی کے تجربہ کو جاری رکھتے ہوئے خصوصی پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا ہے۔ جن میں خواتین کے لیے۸پنک (گلابی) پولنگ مراکز،۸یوتھ پولنگ مراکز،۸ پی ڈبلیو ڈی پولنگ مراکز،۸ گرین پولنگ مراکز اور۵منفرد پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں تین مرحلوں میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔۱۸ ستمبر کو پہلے مرحلے کے تحت ووٹنگ ہوگی، دوسرے مرحلے کے تحت۲۵ ستمبر اور تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر ہوگا۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان ۴؍ اکتوبر کو کیا جائے گا۔