سرینگر//
وزیر تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے جمعہ کے روز کہا کہ کشمیر ڈویڑن میں اسکولوں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کے اعلان کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ہم صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔ ہم صرف موجودہ ہیٹ ویو کی بنیاد پر چھٹیوں کا فیصلہ نہیں کر سکتے‘‘۔
ایتو نے مزید کہا کہ طلباء کو صبح کی اسمبلیز کے دوران مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھتے ہوئے حکومت نے پہلے ہی اسکول کے اوقات میں تبدیلی کی ہے۔
ان کاکہنا تھا’’ہم نے فوری طور پر اسکول کے اوقات میں تبدیلی کی ہے، اور چھٹیوں کا فیصلہ موسم کی صورت حال کے مطابق کریں گے‘‘۔
اس دوران، موسمیاتی محکمے نے کہا کہ عموماً گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مخصوص مقامات پر شام کے وقت ہلکی بارش کی بھی توقع ہے۔
اس دوران محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران دوپہر کے بعد کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۲۳سے۲۶مئی تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران دوپہر کہیں کہیں بارشوں کے مختصر مرحلے بھی متوقع ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بعد میں۲۷سے۳۱مئی تک بھی موسم مجموعی طور پر خشک اور گرم رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کشمیر میں۲۳مئی تک دن کے درجہ حرارت میںایک سے۲ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ درج ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں ہیٹ ویو بھی متوقع ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد درجہ حرارت میں ۲سے۳ڈگری کی کمی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے ۔
ایڈوائزری کے مطابق جموں صوبے میں۲۶ مئی تک دن کے درجہ حرارت میں۲سے۳ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ریکارڈ ہوسکتا ہے اور کہیں کہیں ہیٹ ویو بھی متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران دو پہر کے بعد کہیں کہیں تیز ہوائوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے ۔