سرینگر//
جموںکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے وقف بورڈ کے سبکدوش ملازمین کو پنشن منظور نہ کرنے کے متعلق کمشنر سکریٹری محکمہ مال، وقف بورڈ کی چیئرپرسن اورچیف ایگزیکٹیو افسر کو نوٹس جاری کیا ہے ۔
بی جی پی لیڈر درخشاں اندرابی کے جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیرپرسن بننے کے بعد سے ریٹائر ہونے والے ملازمین پنشن حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔
جموںکشمیر ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے دھر نے جواب دہندگان کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ باقی سبکدوش ہوئے ملازمین کی طرح ہی درخواست گزاروں کے کے کیس پر بھی کارروائی کریں۔
اطلاعات کے مطابق وقف بورڈ کے۴۰ریٹائرڈ ملازمن نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی جس میں انہوں نے کہاکہ ملازمت کے دوران اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کے باوجود بھی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی پنشن کی ادائیگی جان بوجھ کر روک دی گئی جو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے عرضی میں مزید کہا کہ پنشن روکنے کی وجہ سے ان کے افراد خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
درخواست گزاروں نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ رولنگ میں ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ضمانت دی گئی ہے تاہم وقف بورڈ سپریم کورٹ آرڈر کی بھی پرواہ نہیں کررہا ہے ۔
درخواست گزاروں نے کورٹ کو بتایاکہ وقف بورڈ سے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو ہر ماہ پنشن دی جارہی ہے تاہم چالیس کے قریب ریٹائر ہوئے ملازمین کی پنشن منظور نہیں کی جارہی ہے ۔
عدالت نے جواب دہندگان کو درخواست گزاروں کی طرف سے ایک ہفتے کے اندرا ندر ضروری اقدام کرنے کی شرط پر نوٹس جاری کی ہے ۔
عدالت نے کہا کہ جواب دہندگان وقف بورڈ سے ریٹائر ہوئے ملازمین کی طرح ہی درخواست گزاروں کے کیس پر بھی کارروائی کریں۔ہائی کورٹ نے اس کیس کی اگلی شنوائی کی تاریخ۷؍اکتوبر کو مقرر کی ہے ۔