سرینگر//
کشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈِی سی ایل) نے آج پی ایم سوریہ گھر سکیم اور پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت تاخیر سے ادائیگی سرچارج کی چھوٹ کو گھریلو صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے بڑے اَقدامات قرار دیا۔
تین کلو واٹ تک کی سولر روف ٹاپ سے مستفید ہونے والے افراد اب۹۴ہزار۸۰۰روپے کی سبسڈی کے اہل ہوں گے جس سے وزیر اعظم سوریہ گھر سکیم کو۵۹ء۱ لاکھ روپے کی پروجیکٹ لاگت کا۶۰ فیصد تک سبسڈی ملے گی۔ اسی طرح پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت گھریلو صارفین کو۳۱ ؍مارچ ۲۰۲۵ ء تک ایک بار یا قسطوں میں واجب الادا اصل رقم ادا کرنے پر پہلے ہی سود کی چھوٹ مل رہی ہے۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے آج یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا کہ وزیر اعظم سوریہ گھر سکیم اس وقت مزید پُرکشش ہوگئی ہے جب حکومت یوٹی نے ایک کلو واٹ کیلئے۳۰۰۰ روپے ‘۲کلو واٹ کیلئے۶۰۰۰روپے اور ۳کلو واٹ کے پلانٹ کیلئے۹۰۰۰ روپے کی اِضافی سبسڈی فراہم کی ہے جس سے سکیم کے تحت ۳کلو واٹ تک کے پلانٹ کیلئے سبسڈی کی زیادہ سے زیادہ حد۸۵ہزار۸۰۰روپے سے بڑھ کر۹۴ہزار۸۰۰ روپے ہوگئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نیشنل پورٹل پر پلانٹ کے کامیاب آغاز کے بعد یو ٹی حکومت ایم این اینڈ آر ای سبسڈی کے ساتھ اپنا حصہ براہ راست فائدہ اٹھانے والے صارفین کے کھاتے میں واپس کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے صوبہ کشمیر کے۴۴ہزاراِستفادہ کنندگان کیلئے سبسڈی کے یو ٹی حصے کے طور پر۰۷ء۲۷ کروڑ روپے کی منظوری دی ہے جو ۳۱؍ مارچ۲۰۲۷ تک جاری رہے گی۔
رہائشی گھرانوں کے لئے پی ایم سوریہ گھر سکیم کی اہم خصوصیات میں سبسڈی کا مقررہ وقت میں اجرأ ، پینل میں شامل دُکانداروں اور نیشنل پورٹل پر ایس آر ٹی کی آن لائن ٹریکنگ شامل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کشمیر ڈسکام کیلئے ہر ماہ ایک ہزار سولر روف ٹاپ کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لئے کے پی ڈِی سی ایل نے ایس آر ٹی پینلوں کی تنصیب اور کمیشننگ رپورٹس پیش کرنے کے عمل میں سہولیت فراہم کرنے کے لئے اِنجینئروں کو نامزد کیا ہے۔
ترجمان نے گھریلو صارفین پر زور دیا کہ وہ ۳۱ ؍مارچ۲۰۲۵ ء کو بند ہونے والی پاور ایمنسٹی سکیم کے تحت لیٹ پے منٹ سرچارج کی چھوٹ سے فائدہ اُٹھائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اَب تک۰۵ء۱لاکھ اِستفادہ کنندگان نے کے پی ڈِی سی ایل کو ۱۵۰کروڑ روپے کی اصل رقم ادا کرکے اَپنے دعوئوں کا اَزالہ کیا ہے۔
کے پی ڈِی سی ایل کے ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی کے بھاری بقایا جات رکھنے والے بقیہ ۴۵ ہزار گھریلو صارفین جلد از جلد ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اَپنے الیکٹرک سب ڈویژنوں سے رابطہ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ جاری کردہ احکامات کے ٹرمز آف ریفرنس کے مطابق ایمنسٹی سکیم میں۳۱ مارچ۲۰۲۵ء کے بعد مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے پی ڈِی سی ایل گھریلو صارفین کی سہولیت کیلئے تمام الیکٹرک ڈویژنوں میں ایمنسٹی کیمپوں کا اِنعقاد کر رہا ہے۔