نئی دہلی/۳اگست
سرینگر سے رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے جموں و کشمیر کے قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ مطالبہ رکن پارلیمنٹ روح اللہ نے جمعہ کی شام وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد کیا۔
مہدی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا”کل شام وفاقی وزیر داخلہ‘امت شاہ سے ملاقات کی اور ان سے جموں و کشمیر کے ان سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جو برسوں سے بغیر کسی مقدمے کے قید ہیں۔ اور ان لوگوں کو جموں و کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کے لئے بھی کہا جو زیر سماعت ہیں اور ابھی تک سزا یافتہ نہیں ہیں“۔
رکن پارلیمنٹ نے وہ خط بھی ’ایکس‘ شیئر کیا جو ایچ ایم کو پیش کیا گیا تھا۔
مہدی نے خط کہا” میں جموں کشمیر کے عوام کا نمائندہ ہونے کے ناطے آپ کے علم میں لانا چاہتا ہوں کہ وادی کے مختلف علاقوں سے ہمارے کئی لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ جس میں ان میں سے بہت سے مجرم ہیں، زیر سماعت ہیں یا بغیر کسی مقدمے کے حراست میں رکھے جا رہے ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں رکھے جا رہے ہیں“۔
خط میں مزید کہا گیا”میں آپ کے علم میں مزید لانا چاہتا ہوں کہ بغیر کسی مقدمے کے حراست میں لیے گئے زیادہ تر قیدی نوجوان ہیں، حکومت کی جانب سے ان لوگوں کو ایسی عمر میں رکھنا غیر منصفانہ ہے جو کیریئر اور قوم کی تعمیر کے لیے فیصلہ کن ہو۔ لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ ان کی رہائی ناگزیر ہے اور حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ بغیر مقدمے کے قیدیوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے“۔
مہدی نے کشمیر میں منفرد موسمی حالات پر بھی روشنی ڈالی اور انسانی ہمدردی کے پہلوو¿ں پر قیدیوں کو کشمیر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
سرینگر کے لوک سبھا ممبر نے مزید کہا”اس کے علاوہ جموں و کشمیر کے صوبہ کشمیر کے موسمی حالات ملک کے باقی حصوں سے مختلف ہیں، جن قیدیوں کو سزا سنائی گئی ہے یا زیر سماعت ہیں انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وادی منتقل کیا جانا چاہئے۔ ان قیدیوں کے رشتہ داروں کےلئے ملک کے مختلف حصوں میں جسمانی اور مالی طور پر ان سے ملنا بھی مشکل ہے“۔
رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد مہدی نے قیدیوں کا مسئلہ اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور ان کی رہائی کے لئے لڑنے کا عہد کیا تھا۔ (ایجنسیاں)