راجوری/۲۲جولائی
جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی میں ایک نامعلوم دہشت گرد ہلاک اور ایک فوجی زخمی ہوگیا۔
افسروں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے راجوری ضلع کے گندھا کھواس گاو¿ں میں صبح تقریبا ًتین بجے شوریہ چکر ایوارڈ یافتہ پرشوتم کمار کے گھر کے قریب فوج کے ایک نئے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
حملے میں ایک فوجی گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ ایک گائے ہلاک ہوگئی۔ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بارے میں معلومات ملنے کے بعد چیک پوسٹ قائم کی گئی تھی۔ پرشوتم کمار کو حال ہی میں راجوری ضلع کے کالاکوٹ علاقے میں ایک دہشت گرد کو مارنے میں مدد کرنے کے لئے صدر جمہوریہ نے شوریہ چکر سے نوازا تھا۔ حملے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا جو اب جاری ہے۔
فوج نے جموں ڈویڑن کے پہاڑی اضلاع میں دہشت گردوں کے گروپ سے نمٹنے کے لئے تقریبا 4000 اضافی فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔
دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان اضلاع میں ایلیٹ پیرا کمانڈوز کے سپاہیوں اور پہاڑی جنگ میں تربیت یافتہ فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پرپُرامن جموں ڈویڑن میں دہشت گردانہ حملوں میں تیزی آئی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ہٹ اینڈ رن ہتھکنڈوں سے نمٹنے کے لیے نظر ثانی شدہ حکمت عملی اپنائی ہے۔ (ایجنسیاں)