نئی دہلی//
لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کاروبار کی فہرست کے مطابق حکومت۲۲جولائی سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں چھ نئے بل پیش کرے گی۔
اس فہرست میں مالیاتی بل کے علاوہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ قانون میں ترمیم کا بل بھی شامل ہے ۔
حکومت نے شہری ہوا بازی کے شعبے میں کاروبار کی آسانی پیدا کرنے کے لیے۱۹۳۴کے ایئر کرافٹ ایکٹ کو تبدیل کرنے کے لیے انڈین ایئر کرافٹ بل۲۰۲۴کو بھی درج فہرست کیا ہے ۔
سیشن کے دوران تعارف اور منظوری کے لیے درج دیگر بل میں آزادی سے پہلے کے قانون کو تبدیل کرنے کے لیے دی بوائلرز بل، کافی (فروغ اور ترقی) بل، اور ربڑ (فروغ اور ترقی) بل شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس۲۲جولائی سے شروع ہوگا اور۱۲؍اگست تک جاری رہے گا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن۲۳جولائی کو مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔
دریں اثناء لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمانی ایجنڈے کا فیصلہ کرنے والی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی میں مختلف پارٹیوں کے ۱۴نامزد ارکان پارلیمنٹ شامل ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے اس کمیٹی میں نشی کانت دوبے ، انوراگ سنگھ ٹھاکر، بھرتریہری مہتاب، پی پی چودھری، بائیجینت پانڈا، اور ڈاکٹر سنجے جیسوال شامل ہیں۔ کانگریس سے کے سریش اور گورو گوگوئی کو شامل کیا گیا ہے ۔ سدیپ بندیوپادھیائے ٹی ایم سی کی نمائندگی کریں گے ، جبکہ دیاندھی مارن ڈی ایم کے کی نمائندگی کرنے والے ہیں، اور اروند ساونت شیو سینا یو بی ٹی کی نمائندگی کے لیے شامل ہوں گے ۔