جموں//
جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے ملک پورہ بٹیاس علاقے کے نزدیک ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں دو مسافر ہلاک جبکہ ۲۵دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ کے ملک پورہ بٹیاس علاقے کے نزدیک ٹھاٹھری گونڈہ روڈ پر ہفتے کو ایک منی بس سڑک سے لڑھک کر گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی کھلجوگ سر سے ڈوڈہ جا رہی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے دو افراد کو مردہ قرار دیا۔
حکام نے بتایا کہ حادثے میں کم از کم ۲۵؍افراد زخمی ہوئے جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈوڈہ میں پیش آئے سڑک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے گھر والوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ حادثہ پیش آنے کے بعد ڈوڈہ کے ضلعی ترقیاتی کمشنر کے ساتھ رابط قائم کرکے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کی۔
اس دوران جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ہفتے کی صبح ایک سڑک حادثے میں شری امرناتھ جی یاترا کے چار یاتری معمولی زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اننت ناگ کے چندن واڑی میں یاتریوں سے بھری ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں چار یاتری معمولی زخمی ہوگئے۔
بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے یاتریوں کو بچا کر علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔انہوں نے کہا’’آج ایک گاڑی، جس میں شری امرناتھ یاترا کے یاتری سوار تھے، چندن واڑی میں پلٹ گئی‘‘۔ان کا کہنا تھا’’وہاں تعینات بی ایس ایف جوانوں نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے بزرگ یاتریوں کو پہلے موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دے کر چندن واڑی ہسپتال منتقل کیا‘‘۔
بتادیں کہ امر ناتھ یاترا کا سلسلہ۲۹ جون سے پورے جوش و خروش سے جاری و ساری ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک قریب دو لاکھ یاتری گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے ہیں۔
۵۲دنوں پر محیط یہ یاترا ۱۹؍ اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔