سرینگر/۱۱جولائی
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کو یقینی کو بنانے کے لئے پاکستان کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی ذمہ داری صرف ہمارے ملک کی نہیں ہے بلکہ پاکستان کی ذمہ داری زیادہ بنتی ہے ۔
سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی چمپئینز ٹرافی کے لئے ممکنہ طور پر پاکستان نہ جانے کے بارے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔
عمرعبداللہ نے کہا”یہ کون سی نئی بات ہے دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملکوں میں میچ نہیں کھیل رہی ہیں اور یہ بی سی سی آئی کا اپنا فیصلہ ہے“۔ان کا کہنا تھا”میں ہمیشہ سے کہہ رہا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے کے لئے ذمہ داری صرف ہمارے ملک کی نہیں ہے بلکہ زیادہ ذمہ داری پاکستان کی ہے “۔
این سی نائب صدر نے کہا”جس طرح کے حملے ہو رہے اور جس طرح کا ماحول بنایا جا رہا ہے وہ بند ہونا چاہئے “۔انہوں نے کہا”پاکستان کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہو سکیں۔“