ڈوڈہ/۶ جولائی
جموںکشمیر پولیس کے سربراہ‘آر آر سوائن نے ہفتہ کو کہا کہ سرحد پار دشمن جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو جاری رکھنے کےلئے لوگوں میں خوف پیدا کرنے کےلئے غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کا استعمال کر رہا ہے۔
سوائن نے زور دے کر کہا کہ پولیس دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم اور پرعزم ہے۔
ان باتوں کا اظہار ڈی جی پی نے ڈوڈہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سوائن نے کہاکہ جموںکشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں تاہم پڑوسی ملک غیر ملکی دہشت گردوں کو اس طرف بھیج کر لوگوں میں ڈر اور خوف کا ماحول قائم کرنا چاہتا ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہاکہ جموں صوبے میں قلیل تعداد میں ہی دہشت گرد سرگرم ہیں اور انہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس سربراہ نے کہا”عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا صفایا کیا جائے گا“۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے زمینی سطح پر اقدامات کئے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کو اب کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم نہیں کریں گے ۔
سوائن نے کہاکہ عوام کے ساتھ مل کر ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت جائیں گے ۔ان کے مطابق عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔
ڈی جی پی نے کہاکہ دہشت گردوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف جو کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر کو کسی بھی صورت میں پنپنے کا موقع فراہم کریں گے ۔
ڈی جی پی نے کہا ”جموں وکشمیر کے پر امن حالات میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“