سرینگر/۶جولائی
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے چنی گام میں ہفتہ کے روز جاری فائرنگ کے تبادلے میں چار نامعلوم عسکریت پسند مارے گئے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے ایک مقامی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ جاری مقابلے میں چار عسکریت پسند مارے گئے ہیں جبکہ شدید فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔
اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاری فائرنگ میں فوج کا ایک جوان بھی زخمی ہوا ہے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس سے پہلے چنی گام کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کو خفیہ اطلاع ملنے کے بعد عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
کولگام کے علاقے مدرگھم میں ہونے والی ایک اور جھڑپ میں فوج کا ایک جوان ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ ابھی تک یہاں فائرنگ کے تبادلے میں کسی عسکریت پسند کی ہلاکت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔