ریاسی/20جون
بھارتی ریلوے نے دنیا کے بلند ترین ریلوے پل چناب ریل پل پر کامیاب آزمائشی سفر کیا ہے۔
یہ پل رام بن ضلع کے سنگلدان اور ریاسی کے درمیان تعمیر کیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ لائن پر ریل خدمات جلد ہی شروع ہوجائیں گی۔
ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ”یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے سنگلدن، ریاسی سیکشن کے درمیان ایم ای ایم یو ٹرین کا کامیاب آزمائشی رن“۔
فی الحال یہ ٹرینیں کنیا کماری سے کٹرا تک ریلوے لائن کے ساتھ چلتی ہیں، جبکہ یہ خدمات بارہمولہ سے وادی کشمیر میں سنگلدن تک چلتی ہیں۔
اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ اس سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔
یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ ، جس میں 48.1 کلومیٹر طویل بانیہال ،سنگلدان سیکشن بھی شامل ہے ، کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 20 فروری ، 2024 کو کیا تھا۔
پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح اکتوبر 2009 میں کیا گیا تھا، جس میں 118 کلومیٹر طویل قاضی گنڈ،بارہمولہ سیکشن کا احاطہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد کے مراحل میں جون 2013 میں 18 کلومیٹر طویل بانیہال،قاضی گنڈ سیکشن اور جولائی 2014 میں 25 کلومیٹر لمبے اودھم پور،کٹرا سیکشن کا افتتاح کیا گیا۔
جموں کشمیر کے علاقے میں دریائے چناب سے 359 میٹر (تقریبا 109 فٹ) اوپر تعمیر کیا گیا چناب ریل پل ایفل ٹاور سے تقریبا 35 میٹر اونچا ہے۔
1315 میٹر لمبا یہ پل ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کو انڈین ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے قابل رسائی بنانا ہے۔ (ایجنسیاں)