کپوارہ///
جموں کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) آر آر سوائن نے ہفتہ کے روز شمالی ضلع کپواڑہ میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی جی پی سوائن نے آئندہ لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۴ کیلئے سیکورٹی انتظامات کا جامع عمومی اور آپریشنل جائزہ لینے کے لئے کرناہ کے سرحدی علاقے کا دورہ کیا۔
بارہمولہ پارلیمانی حلقہ، جس کا کرناہ حصہ ہے، میں ۲۰ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
دورے کے دوران ڈی جی پی سوائن نے انتخابی عمل کو ہموار اور محفوظ بنانے کیلئے سیکورٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
سوائن نے تعیناتی کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا اور انتخابات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے میں ممکنہ چیلنجوں سے نمٹنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی پی نے پولیس چوکی ٹیٹوال میں ایک دربار منعقد کیا جس میں پولیس اہلکار تعینات تھے۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں سے بات چیت کی، ان کے خدشات کو سنا اور ان کے حوصلے بلند کیے۔
سوائن کے ساتھ اے ڈی جی پی ایل اینڈ او جموں و کشمیر وجے کمار، ڈی آئی جی این کے آر وویک گپتا اور ایس ایس پی کپواڑہ شوبھت سکسینہ بھی موجود تھے۔