نئی دہلی//
الیکشن کمیشن آف انڈیا(ای سی آئی) نے ہفتہ کو کہا کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے جاری انتخابی عمل کو مالیاتی لالچوں سے پاک رکھنے کی کوشش میں ملک بھر میں اب تک کل۸۸۹۰کروڑ روپے کی نقدی اور دیگر سامان ضبط کیا گیا ہے ۔
کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اس کی چوکسی کی وجہ سے کل۷۴ء۸۸۸۹کروڑ روپے ضبط کیے گئے ہیں جن میں۱۵ء۸۴۹کروڑ روپے نقد، شراب، منشیات اور قیمتی دھاتیں اور تحفے کی اشیاء شامل ہیں۔
کمیشن نے کہا ہے کہ یہ ضبطی جلد ہی۹۰۰۰کروڑ روپے سے اوپر پہنچ سکتی ہے ۔ پکڑی گئی کل اشیاء اور نقدی کا۴۵فیصد مختلف نشہ آور ادویات کی شکم میں ہے ۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اطلاعات پر مبنی مربوط کارروائی اور مسلسل چوکسی کی وجہ سے اس بار انتخابات کے دوران ضبط کی گئی نقدی اور دیگر سامان کی قیمت بے مثال ہے ۔
ریلیز کے مطابق سات مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات کے دوران اب تک۸۵ء۸۱۴کروڑروپے کی۵کروڑ۳۹لاکھ۷۴ہزار۱۹۳ء۴۳لیٹر شراب‘۸۵ء۳۹۵ کروڑ روپے کی منشیات‘۳۳ء۱۲۶۰کروڑ روپے کی قیمتی دھاتیں اور۵۶ء۲۰۰۶کروڑ روپے کی اشیاء شامل ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش، آندھرا پردیش، اڈیشہ اور سکم کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات بھی کرائے جا رہے ہیں۔
کمیشن کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کرناٹک میں سب سے زیادہ ۹۲کروڑ روپے کی نقدی ضبط کی گئی ہے اور سب سے زیادہ۴۷ء۱کروڑ لیٹر شراب کرناٹک میں ہی ضبط کی گئی ہے ۔
اس دوران لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے میں۲۵مئی کو ہونے والی دہلی سمیت آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی۵۷سیٹوں کی ووٹنگ کے لیے ۸۸۹؍امیدوار میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے چھٹے مرحلے کیلئے سات ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے۵۷پارلیمانی حلقوں میں کل۱۹۷۸کاغذات نامزدگی داخل کیے گئے ، ان نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ۶مئی تھی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد ان نشستوں پر۹۰۰؍امیدوار رہ گئے تھے ۔ ان میں سے۱۱؍امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے ۔ اس طرح ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی کل تعداد۸۸۹رہی۔
ان کے علاوہ اس مرحلے میں جموں و کشمیر کے اننت ناگ-راجوری پارلیمانی حلقے میں بھی ووٹنگ ہو رہی ہے ، جہاں تیسرے مرحلے کی ووٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔ اس نشست کے لیے ۲۰؍امیدوار میدان میں ہیں۔
چھٹے مرحلے میں جن ریاستوں میں لوک سبھا کے انتخابات ہوں گے ان میں اتر پردیش کی۱۴سیٹوں پر۱۶۲‘ ہریانہ کی ۱۰سیٹوں پر۲۲۳‘ بہار کی۸سیٹوں پر ۸۶‘ مغربی بنگال کی۸سیٹوں پر ۷۹؍ قومی راجدھانی کی۷سیٹوں۱۶۲؍ امیدوار ، اڑیسہ کی چھ سیٹوں پر ۶۴، جھارکھنڈ کی چار سیٹوں پر ۹۳؍اور جموں و کشمیر کی ایک سیٹ کے لیے ۲۰؍امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں اور ووٹر ان کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔
ان تمام امیدواروں کی قسمت ۲۵مئی کو ووٹ کاسٹ کر کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں بند کرکے اسٹرانگ روم میں رکھ دی جائیں گی ۔ لوک سبھا کی تمام سیٹوں کے نتائج ۴جون کو آئیں گے ۔