سرینگر//
کانگریس نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام نے ایک بار پھر جمہوریت کا انتخاب کیا ہے جیسا کہ سرینگر لوک سبھا میں آج ہونے والی رائے دہی میں رائے دہندگی کی شرح سے ظاہر ہوتا ہے۔
سری نگر لوک سبھا میں آج ہونے والی رائے دہی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جے کے پی سی سی نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام نے انتخابی حلقہ کے زیادہ تر حصوں میں اچھی تعداد میں نکل کر ملک کی جمہوریت پر ایک بار پھر اعتماد کا اظہار کیا ہے، حالانکہ جموں و کشمیر کے لوگ گزشتہ تقریباً چھ سالوں سے بغیر کسی جواز کے منتخب حکومت سے محروم ہیں۔
جے کے پی سی سی کے سینئر نائب صدر اور چیف ترجمان رویندر شرما نے آج یہاں کہا کہ آج کے انتخابات میں لوگوں نے ایک بار پھر جمہوریت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے جو جمہوریت کی بحالی کے لئے لوگوں کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے اور یہ بھی کہ قبل از وقت اسمبلی انتخابات کیلئے حالات سازگار ہیں۔
شرما نے کہا کہ جمہوریت ہمارے ملک کی روح ہے جسے دنیا بھر میں جمہوریت کی ماں کے طور پر جانا جاتا ہے لیکن جموں و کشمیر سالوں سے اس سے محروم ہے ، جس کی وجہ سے بی جے پی حکومت کے خلاف لوگوں میں کافی ناراضگی پیدا ہوئی ہے۔