جموں//
جموں کشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی علاقے میں ہفتے کو آٹھویں روز بھی تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔
اطلاعات کے مطابق پونچھ کے گرسائی ، سنائی ٹاپ اور اس کے ملحقہ جنگلی علاقوں میں آٹھویں رو ز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع الریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے زائد از ۲۰؍افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی ہے ۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے گرسائی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ہفتے کو آٹھویں روز بھی تلاشی آپریشن جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جمعے کے روز گرسائی ٹاپ کے نزدیک سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد سلامتی عملے نے مزید کئی علاقوں کوسیل کیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے ۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگلی علاقوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہے۔