اسلام آباد//
اسلام آباد ہائی کورٹ کے۸؍اور لاہور ہائی کورٹ کے ۴ججوں کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے۴ججوں کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل کو دھمکی آمیز خطوط یکم اپریل کو بھیجے گئے تھے ۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ چاروں خطوط میں پاؤڈر پایا گیا اور دھمکی آمیز اشکال بنی ہوئی تھیں۔ذرائع نے بتایا کہ عدالت عظمیٰ کے چاروں ججوں کو خطوط موصول ہونے کا مقدمہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے اس معاملے پر رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی اور سپریم کورٹ کے ججوں کو لکھے گئے خطوط پر ان سے تفصیلی گفتگو کی۔
ادھر وفاقی پولیس نے ججوں کو خط موصول ہونے کا مقدمہ الگ سے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا جائے گا۔
قبل ازیں آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سائفر کیس کی سماعت کے دوران ججز کو موصول دھمکی آمیز خطوط کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز شہزاد بخاری اور سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سی ٹی ڈی ہمایوں حمزہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔