سرینگر//
جموںکشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی ) کی صدر‘ محبوبہ مفتی نے جمعرات کے روز کہاکہ بھاجپا جموں وکشمیر کی اصل آواز کودباکر منظور نظر افراد کو پارلیمنٹ میں پہنچانا چاہتی ہے ۔
محبوبہ نے کہاکہ بی جے پی نے پی ڈی پی کو توڑ کر نئی پارٹیاں تشکیل دیں۔
ان باتوں کا اظہار محبوبہ مفتی نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
محبوبہ نے کہاکہ سال۲۰۱۹کے بعد جو پارٹیاں بی جے پی کے اشارے پر بنائی گئی ان کا واحد مقصد اصل آواز کو دبانا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پی ڈی پی کو توڑ کر بھاجپانے نئی پارٹیوں کو وجود بخشا اور اب انہیں طاقت دینے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہیں ۔
پی ڈی پی کی صدر کے مطابق بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے’’ مجھے ، میری ماں اور بھائی کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بار بار طلب کیا گیا ۔حیرانگی کا مقام یہ ہے کہ چلہ کلان کی سردی کے دوران مجھے سرکاری کواٹر سے باہر نکالا گیا‘‘۔
محبوبہ نے کہاکہ پی ڈی پی سے سینئر لیڈران کو نکال کر بھاجپا نے نئی پارٹیوں کو وجود بخشا۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کیا جا چکا ہے یہاں جو بھی حق کی صدا بلند کرتا ہے اس کو بزور طاقت دبایا جارہا ہے ۔