سرینگر//
جموں وکشمیر پولیس نے تین منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیائبرآمد کرکے ضبط کی ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قاضی گنڈ پولیس نے کوری گام کے ندیک معمول کی پیٹرولنگ کے دوران ایک مشتبہ نوجوان ریاض احمد ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن چرٹھ قاضی گنڈ کو روک کر اس کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے۲ء۴کلو ممنوع نشیلی اشیاء برآمد ہوئی۔
پولیس نے منشیات فروش کو موقع پر ہی دھر دبوچ کرسلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
کولگام پولیس نے پاری ون گاڈی ہامہ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران فیاض احمد گنائی ولد غلام قادر گنائی ساکن پاری ون کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کی تحویل سے۲۷۰گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا۔
بڈگام پولیس نے چیو ڈارہ کراسنگ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران اشفاق احمد ملک ولد غلام رسول ملک ساکن چیو ڈارہ کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ دوران تلاشی اشفاق احمد کے قبضے سے۸۷گرام چرس برآمد ہوا۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے ایک دفعہ پھر اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو پولیس کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔