نئی دہلی/۱۱ جنوری
نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ تاچھ کےلئے جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن (جے کے سی اے) میں مبینہ بے ضابطگیوں کی ای ڈی جانچ کے سلسلے میں مرکزی ایجنسی نے 86 سالہ سیاست داں کو سرینگر دفتر میں طلب کیا تھا۔
فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ایجنسی نے انہیں نئی تاریخ جاری کی ہے یا نہیں۔
سرینگر لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 2022 میں جے کے سی اے معاملے میں چارج شیٹ دائر کی تھی۔
ای ڈی نے کہا تھا کہ یہ معاملہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنڈز کو جے کے سی اے عہدیداروں سمیت غیر متعلقہ فریقوں کے مختلف ذاتی بینک کھاتوں میں منتقل کرنے اور جے کے سی اے کے بینک کھاتوں سے غیر اعلانیہ نقد رقم نکالنے سے متعلق ہے۔
ایجنسی کا معاملہ اسی ملزم کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے 2018 میں دائر چارج شیٹ پر مبنی ہے۔